وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر برائے اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری نے ضلع سوات کا سرکاری دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ضلع میں محکمہ اوقاف کے زیر انتظام جاری ترقیاتی منصوبوں، اوقاف سیکٹر کی سرگرمیوں اور وقف املاک کا جائزہ لینا تھا۔ اس موقع پر ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی، ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف ، ضلعی انتظامیہ، محکمہ اوقاف اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر کو ڈپٹی کمشنر آفس سوات میں محکمہ اوقاف کے ترقیاتی منصوبوں، جاری سکیموں اور وقف املاک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ صوبائی وزیر نے ضلع سوات میں اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود اور مذہبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں بریکوٹ میں شمشان گھاٹ، مینگورہ میں چرچ اور مسیحی برادری کے قبرستان کے لیے خریدی گئی اراضی سے متعلق منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتی برادریوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ، عبادت گاہوں کی بہتری اور قبرستانوں و شمشان گھاٹوں سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
